Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ نیو کورنیش پر 7 روزہ ثقافتی میلہ ختم، 5 لاکھ افراد نے شرکت کی

 میلے کا عنوان " ہم مثالی کیسے بنیں " تھا ، بلدیہ کے کاﺅنٹرز پر کوئز مقابلے، قیمتی انعامات کی تقسیم ، وزارت صحت اور بندرگاہ کے اسٹالز پر احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) نیو کورنیش پر ایک ہفتہ جاری رہنے والا ثقافتی میلہ بعنوان " ہم مثالی کیسے بنیں " گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گیا ۔ میلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ 7 دنو ں میں 5 لاکھ سے زائد افراد نے میلے میں شرکت کی اور وہاں لگائے گئے مختلف اسٹالز سے مستفیض ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ گورنریٹ کے زیر انتظام ریجنل بلدیہ ، وزارت صحت اور دیگر اداروں کے تعاون سے جدہ کے ساحل پر نئے تعمیر ہونے والے حصہ میں 7 روزہ ثقافتی میلہ منعقد کیا گیا تھا ۔ میلے میں بلدیہ کی جانب سے متعدد اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں موجود اہلکار وہاں آنےوالوں سے مختلف موضوعات پر سوالات کرتے درست جواب دینے والوں کو قیمتی انعامات سے نوازاجاتا ۔ وزارت صحت کی جانب سے بھی متعدد اسٹالز لگائے گئے تھے جن کا عنوان " آپ کی صحت ہمارے لئے اہم " تھا ۔ ان اسٹالز پر آنے والوں کو امور صحت کے بارے میں آگاہی اور انہیں متعدی امراض سے بچاﺅکے طریقے اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا ۔میلے میں لگائے گئے وزارت صحت کے کاﺅنٹرز پر آنے والے افراد کی بڑی تعداد کو بلڈ پریشر اور اس کے مضر اثرات کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ۔ کاﺅنٹر پر موجود ذمہ دار نے بتایا کہ 3 دنوں میں 73 افراد ایسے سامنے آئے جنہیں علم ہی نہیں تھا کہ وہ بلڈ پریشر کے مریض ہیں ۔ ان مریضوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں ۔ امور صحت کے زیر انتظام قائم کردہ کاﺅنٹرز میں سب سے زیادہ بچوں کےلئے بنائے گئے اسٹالز پر لوگوں کا ازدحام دیکھا گیا جہاں بچوں کو انکی عمر اور وزن سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی رہیں ۔ ماہرین بچوں کا وزن کرکے انکی عمر کے مطابق انہیں ہدایات کرتے کہ قد اور عمر کے اعتبار سے انکا مثالی وزن کتنا ہونا چاہئے ۔ میلے میں جدہ کی اسلامی بندرگاہ کی جانب سے بھی اسٹال لگائے گئے جہاں ہنگامی حالات میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے بارے میں لوگوں کو مفید معلومات مہیا کی جاتی رہی ۔ اسٹال پر مختصر مدت کے لئے عارضی کورس منعقد کئے گئے جن سے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد افراد مستفیض ہوئے ۔ ثقافتی میلے میں ٹیکنیکل کالج کے زیر اہتمام اسٹال پر نوجوانوں کو فنی مہارت کے بارے میں مفید معلومات مہیا کی گئی ۔ میلے میں آنے والوں کی دلچسپی کےلئے بڑا اسٹیج بھی بنایا گیا تھا جہاں ٹیبلوز ، ڈرامے اور مزاحیہ پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔ وہاں آنے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ میلہ شاندار رہا اس قسم کی سرگرمیاں وقتا فوقتا منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ لوگوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ اہم معلومات بھی حاصل ہوں ۔ 

شیئر: