نیند پوری نہ ہوتو آپ کو مختلف شکایت ہوسکتی ہیں
جمعرات 25 جنوری 2018 3:00
سڈنی.... نیند انسانی صحت کیلئے بیحد ضروری چیز ہے اور نیند کی افادیت اس اعتبار سے دیکھی جاتی ہے کہ نیند کیسی تھی۔ گہری اور پرسکون نیند کو جس کا دورانیہ بھی طویل ہو ہر جگہ ایک اچھی نیند قرار دیا جاتا رہا ہے۔ مگر آسٹریلیا سلیپ ہیلتھ فاﺅنڈیشن نے اس حوالے سے جو سروے کیا اس سے پتہ چلا کہ 33سے 45فیصد بالغ افراد اپنی نیند پوری نہیں کرپاتے اور رات کے وقت زیادہ دیر تک جاگتے رہنے کے عادی ہوتے ہیں۔ اب فیمیل نامی ایک جریدے نے بے خوابی کی اس کیفیت پر روشنی ڈالی ہے او رکچھ ایسے نسخے تجویز کئے ہیںجس سے نیند اچھی اور گہری و طویل ہوسکتی ہے۔ آسٹریلیا کے مشہور ماہرتغذیہ اور خوابیات پر عبوررکھنے والے ڈاکٹروں نے بتایا کہ نیند کی کمی پوری زندگی کو متاثر اور خراب کرسکتی ہے۔ کبھی کبھی تنفس کا غیر معمولی اتار چڑھاﺅ نیند پر اثر انداز ہوتا ہے۔ کبھی بعض جراثیم جو بستر، تکیے یا آس پاس موجود رہتے ہیں انسان کو سکون کی نیند نہیں لینے دیتے۔ اچھی نیند جسمانی صحت کے ساتھ دماغی صحت کیلئے بھی بہت فائدہ مند ہے جبکہ نوجوانوں کو کم سے کم 9سے 10گھنٹے تک ضرور سونا چاہئے۔