ولی عہد اچانک جدہ واٹر پلانٹ پہنچ گئے، خوشی کی لہر دوڑ گئی
جمعرات 25 جنوری 2018 3:00
ریاض(واس)- - - - - ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اچانک جدہ واٹر پلانٹ پہنچ گئے۔ 2سال کے دوران لاگت میں کسی اضافہ کے بغیرپانی کی پیداوار 35لاکھ مکعب میٹر سے 50لاکھ مکعب میٹر تک پہنچانے پر شکریہ ادا کیا۔ واٹر پلانٹ کے تمام عہدیدار اور کارکن اچانک ولی عہد کی آمد پر خوش ہوگئے۔ پورے پلانٹ میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے آیا ہوں۔ آپ لوگوں نے لاگت میں ایک ریال کے اضافے کے بغیر پیداوار 35لاکھ مکعب میٹر سے بڑھا کر 50لاکھ مکعب میٹر تک پہنچا دی۔ اس موقع پر ولی عہد کو کھارا پانی قابل استعمال بنانے کیلئے ادارے کی مساعی سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ادارے کے اسکالرز نے ریسرچ اور مطالعات کے ذریعے پانی کی پیداوار بڑھانے کی سرتوڑ کوشش کی تھی۔ انہو ں نے یہ کام سعودی ویژن 2030اور قومی تبدیلی پروگرام 2020کی تکمیل کے جذبے سے کیا۔ ان کی خواہش اور کوشش تھی کہ سعودی عرب کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے کے سلسلے میں خود کفیل ہو اور آبی ضروریات احسن شکل میں پوری ہوں۔ جدہ واٹر پلانٹ کے ماتحت ریسرچ اینڈ اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کے اسکالرز کی کامیابی سے مملکت کے مشرقی و مغربی 17مقامات پر قائم 28واٹر پلانٹ سابق لاگت پر کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے کے سلسلے میں استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر نائب گورنر مکہ شہزادہ عبداللہ بن بندر ، امریکہ میں متعین سعو دی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان اور متعدد عہدیدارہمراہ تھے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ واٹر پلانٹ میں کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے اعلیٰ ادارے کے گورنر علی الحازمی، اعلیٰ عہدیداروں اور کارکنان سے برادرانہ ماحول میں ملاقاتیں کیں۔