ویرو بیچ، فلوریڈا .... یہاں ایک 30سالہ خاتون کو جو ایک بچے کی ماں بھی ہے شاپ لفٹنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچے کے ساتھ پبلکس اسٹور نامی شاپنگ مال میں آئی تھی اور بچے کو انتہائی شدید سردی کے عالم میں کار میں تنہا چھوڑ کر مال میں داخل ہوگئی تھی او رجہاں اس نے کچھ نشہ آور چیزیں چرائیں اور پھر انہیں اپنے کپڑے میں چھپا کر مال سے باہر نکلنے کی کوشش کررہی تھی کہ پکڑی گئی۔ یہ واقعہ 13جنوری کو پیش آیا تھا مگر اس کی تفصیلات پولیس نے اب جاری کی ہیں۔ چوری کے الزام میں گرفتار ہونے والی خاتون ویلموتھ نے جب بچے کو چھوڑ دیا تو کچھ دیر بعدہی بچہ چیخنے لگا مگر ماں کو اسکی خبر تک نہیں ہوئی تاہم اسکے اسٹور سے باہر آتے ہی اسے گرفتارکرلیا گیا۔ پولیس کاکہناہے کہ وہ ایسی میتھلین کی شیشی چرا کر لیجارہی تھی جس میں کوکین بھی ملی ہوئی تھی۔ گرفتاری کے بعد خاتون نے اعتراف جرم کرلیا۔ اب اس خاتون پر بچے کی جان خطرے میں ڈالنے کوکین لگی میتھا فٹامین اپنے پاس رکھنے اور شاپ لفٹنگ کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔گرفتاری کے بعد اسے جیل بھیجدیا گیا مگر پھر 2دن بعد 6500ڈالر کی ذاتی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔