پرسکون نیند سے رہیں فریش اور خوبصورت
اگر خوبصورتی کی بات کی جائے تو نیند وہ سب سے قریب ترین چیز ہے جو آپ کو فریش اور جوان رکھتی ہے . دوران نیند جسم خلیات کے ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کر لیتا ہے جو انسان کی ظاہری صورت اور سراپے کو بارونق اور پرکشش بنا دیتا ہے . لیکن اس کے لیے رات کو 7 سے 8 گھنٹے کی بہترین نیند لینا ضروری ہے ،.
نیند کے دوران جلد نئے کولیجن بناتا ہے جو جلد کو لوز ہونے اور جھریاں پڑنے سے بچاتے ہیں . اسی طرح دوران نیند جلد کی جانب خون کے بہاؤ میں اضافہ ہوتا ہے جس سے جلد میں چمک پیدا ہوتی ہے . بھرپور نیند نہ لینے کی صورت میں جلد کی رنگت پھیکی اور بے رونق محسوس ہوتی ہے . آٹھ گھنٹے کی بھرپور نیند نہ لینے کا ایک اور نقصان آنکھوں کے گرد سیاہ ہلکوں اور آنکھوں پر ورم کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے . مکمل اور پرسکون نیند سیاہ ہلکوں کے خاتمے میں مدد دیتی ہے .
بالوں کا گرنا ،ٹوٹنا ، خراب ہونا اور نہ بڑھنا یہ سب مسائل نیند کی کمی کے باعث ہو سکتے ہیں . ہیئر فولیکلز سر میں خون کے بہاؤ کے ذریعے اپنی غذائیت ، وٹامن اورمنرلز حاصل کرتے ہیں . پرسکون نیند نہ لینے کی صورت میں خون کے بہاؤ میں کمی آجاتی ہے جو بالوں کو کمزور کرنے اور ان کی نشونما کو روکنے کا سبب بنتی ہے .
نیند کی کمی چڑچڑا پن اور اداسی کا شکار کر دیتی ہے . خوش ، مطمئین اور پرسکون رہنے کے لیے پر سکون نیند بہت ضروری ہے ورنہ تھکن چہرے سے ظاہر ہوتی ہے ، سرخ ، سوجی ہوئی آنکھیں ، سیاہ ہلکے ، پپوٹوں پر ورم اورجلد کی زرد رنگت آپ کی تھکن اور بوجھل طبیعت کا پتہ دیتی ہے . مکمل نیند کے بغیر مکمل صحت اور خوبصورتی کسی طور ممکن نہیں .