Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں مقیم تارکین اقامے کی تجدید میں تاخیر نہ کریں، شلھوب

 تجدید میں پہلی تاخیر پر 5 سو، دوسری بار ایک ہزار ریا ل جرمانہ ہو گا، غیر قانونی مقیمین کو رہائش یا ملازمت فراہم کرنےوالے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں ، کرنل طلال شلھوب 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقامہ کی تجدید میں تاخیر پر جرمانہ عائد کیاجائے گا ۔ متعدد بار تاخیر پر تارک و طن کو ملک بدر کر دیاجائیگا۔محکمہ جوازات کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے اردو نیوز کو بتایا کہ جوزات کی جانب سے غیر ملکیوں کے رہائشی پرمٹ ( ہویہ المقیم ) کی تجدید بروقت کروانا لازمی ہے ۔ پہلی بار تاخیر پر 500 ریال جرمانہ ہو گا ۔ ایک ہی شخص کا رہائشی پرمٹ دوسری بار تاخیر سے تجدید ہونے کی صورت میں 1000 ریال جرمانہ جبکہ تیسری بار ملک بدری کی سزا دی جائیگی ۔ مملکت میں مقیم تارکین گھر سے باہر جاتے ہوئے لازمی طور پر ہویہ المقیم ( اقامہ ) اپنے ہمراہ رکھیں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہو ں۔ دوران تفتیش اقامہ ساتھ نہ ہونے پر بھی جرمانہ عائد کیاجاتا ہے ۔ کرنل شلھوب نے مزید کہا کہ مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں غیر قانونی تارکین کے خلاف تفتیشی مہم جاری ہے جس میں تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار شرکت کرتے ہیں ۔ اقامہ ( ہویہ المقیم ) مملکت میں مقیم تارکین وطن کی شناختی دستاویز ہے جسے ہمیشہ دوران تفتیش پیش کرنا لازمی ہے ۔ چیکنگ کے دوران اقامہ نہ ہونے کی صورت میں 3 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیاجاتا ہے اس لئے بھاری جرمانے سے بچنے کےلئے اس امر کا خاص طور پر اہتمام کیا جائے کہ جب بھی گھر سے باہر نکلیں اقامہ اپنے ساتھ رکھیں ۔ ترجمان جوازات نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق کسی بھی غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے پاس رکھنا یا اسے ملازمت فراہم کرنا قانونی طور پر جرم ہے ۔ ایسے افراد جو غیر قانونی تارکین وطن کو دوسرے شہر لے جانے کی سہولت فراہم کرتا ہے وہ بھی قانون شکنی کے زمرے میں آتاہے ۔ ایسے افراد کو قید ، جرمانہ اور ملک بدری کی سزا دی جاتی ہے ۔

شیئر: