غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے 50ہوٹل اور دکانیں گرا ئی گئیں ، ترجمان ریجنل پولیس
ریاض ( ارسلان ہاشمی) ریجنل پولیس نے غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم کے دوران ریاض کے نواحی علاقے الثمامہ میں کارروائی کرتے ہوئے 50 غیر معیاری ہوٹل اور دکانیں توڑدیں ۔ ریاض پولیس کے ترجمان نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں جاری غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم کے دوران الثمامہ کے مضافاتی علاقے میں غیر قانونی طور پر نامعلو م افراد نے عارضی ہوٹل اور دکانیں قائم کی ہوئی تھیں جہاں غیر معیاری کھانا اور دیگر اشیاءفروخت کی جاتی تھی ۔ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے جب مذکورہ علاقے کا دورہ کیا تو وہاں غیر قانونی طورپر قائم کئے گئے ریسٹورانٹ اور دکانوں کا انکشاف ہوا ۔ مذکورہ مقام پر لوگ تفریح کےلئے آتے تھے جنہیں یہ افراد غیر معیاری خوراک ، عارضی خیمے ، چٹائیاں اور دیگر ضرورت کی اشیاءکرائے پر فراہم کرتے تھے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیموں نے 50 دکانوں اور ہوٹلوں کو مسمار کر دیا جبکہ متعدد غیر قانونی تارکین وطن کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ ہوٹلوں سے برآمد ہونے والی غیر معیاری اشیاءخورونوش بھی ضبط کر کے تلف کر دی گئی ۔