Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارسلونا کی ٹیم ہوم گراونڈ پر گول کرنے میں ناکام

 
بارسلونا:اسپین کی فٹبال لیگ لا لیگا میں بارسلونا کی ٹیم طویل عرصے بعد ہوم گراونڈ پر کوئی گول کرنے میں ناکام رہی اور جیٹافے کے ساتھ میچ برابر کھیلنے کی وجہ سے اسے قیمتی پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ۔ بارسلونا کو اپنا پچھلا میچ بھی برابر کھیلنا پڑا تھاتاہم وہ ٹائٹل کی دوڑ کے حوالے سے اب بھی پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے ۔ دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔بارسلونا میں کھیلے گئے میچ کے دوران جیٹافے کے دفاعی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کسی مرحلے پر عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں سمیت بارسلونا ٹیم کو نہ صرف حاوی ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا بلکہ گول کرنے سے بھی روکے رکھا جو سابق چیمپیئن ٹیم کیلئے خفت کا باعث بنا ۔گزشتہ میچ میں لائنل میسی کو آرام کا موقع دیا گیا تھا ۔اس میچ میں وہ شامل تھے لیکن ٹیم کو فتح نہیں دلا سکے۔ نومبر2016ءکے بعد یہ پہلا موقع تھا جب بارسلونا کی ٹیم اپنے ہوم گراونڈ پر ہونے والے کسی لالیگا میچ میں گول نہیں کر سکی۔ایک مرحلے پر میسی کو گول کرنے کا موقع ملا تاہم حریف کھلاڑی ڈیمین سواریز نے گیند کو ان سے دور کردیا ۔ابتدائی 50منٹ بارسلونا کی ٹیم منتشر نظر آئی اور کوئی اچھی موو نہیںبنا سکی ۔حالیہ سیزن میں ریکارڈ فیس کے تحت بارسلونا کا حصہ بننے والے فلپے کوٹنہوبھی کچھ نہیں کر سکے اور کوچ نے ہاف ٹائم کے بعد انہیں تبدیل کردیا۔آخری لمحات میں لوئس سواریز گیند کو جیٹافے کے جال میں پہنچانے میں کامیاب تو ہو گئے تاہم آف سائیڈ ہوجانے کی وجہ سے گول منسوخ ہو گیا۔بارسلونا اور اس کی قریب ترین ٹیم ایٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان7جبکہ دفاعی چیمپیئن اور روایتی حریف رئیل میڈرڈ کے درمیان 17پوائنٹس کا فرق ہے اور اس سیزن میں بارسلونا کے چیمپیئن بننے کے امکانات روشن ہیں۔ 

شیئر: