کراچی ... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار سندھ میں اسپتالوں کی ابتر صورتحال پر کیس کی سماعت کے بعد خود جناح اسپتال پہنچ گئے۔چیف جسٹس نے مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں اور اسپتال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ زیر علاج مریضوں کو درپیش مسائل بھی سنے۔ ایمرجنسی وارڈ میں ناقص صفائی کے انتظام اور مریضوں کو تسلی بخش طبی سہو لتوں کی عدم فراہمی پر حکام کی سرزنش کی ۔قبل ازیںسندھ میں اسپتالوں کی ابتر صورتحال پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ازخود نوٹس لینے کاشوق نہیں، ایک سال خاموش رہا،جب دیکھا لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں تو پھرسوموٹو ایکشن لئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سینئر وکلا سے کہتا ہوں کہ بنیادی حقوق پر درخواستیں دائر کریں۔