سہ ملکی سیریز: انگلینڈ کی 2رنز سے کامیابی نیوزی لینڈ کو نہ ہرا سکی
ہیملٹن :سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ نے چھٹے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 195 رنز کے تعاقب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا سکی۔ مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں اور میچ جیت کر بھی انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کو فائنل میں پہنچنے سے نہ روک سکی۔انگلش کپتان ایون مورگن 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ رہے۔ ہیملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ٹھیک ثابت نہ ہوا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ مورگن نے 46 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملان نے5 چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ ٹم ساوتھی نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا سکی۔ اوپنر کولن منرو نے 21 گیندوں پر 7 چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر عمدہ آغاز فراہم کیا۔ مارٹن گپٹل نے بھی 47 گیندوں پر 62 رنز بنائے ۔ آخری اوور میں کیویز کو جیت کیلئے 12رنز درکار تھے جبکہ 9رنز بن سکے۔ مارک چیپمین 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ کرن، عادل راشد، ڈاسن اور ملان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سہ ملکی سیریز کا فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین 21فروری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔