لاہور قلندرز کی دوسری شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 9وکٹوں سے فتح
دبئی:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے دوسر ے میچ میں لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل3کی پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے صرف ایک وکٹ پر 14 اوورز میں ہی 120 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کے کپتان سرفراز احمدنے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان میکلم نے نرائن کے ساتھ اچھا آغاز کیا۔ 5ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 60رنز بنا لئے مگر بعد میں فخر زمان سمیت کوئی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹک سکا۔ملتان سلطانز کے خلاف لمبی اننگز کھیلنے والے فخرزمان نے بھی ایک اسکور بنا کر آسان کیچ دےدیا ۔عمر اکمل بھی دوسری گیند پر ایک رنز بنا کر واپس چلے گئے۔9وکٹوں کے نقصان پر لاہور قلندرز صرف 119رنز ہی بنا سکے۔ محمد نواز نے نہایت عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4اوورز میں ایک میڈن اوور کراتے ہوئے صرف 4رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے۔ آرچر نے 3وکٹیں لیں۔جوابی اننگز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن اور اسد شفیق نے اننگز کا برق رفتار آغاز کیا اور اسکور کو 92 تک لے گئے۔ شین واٹسن 66 رنز بنا کر سنیل نرائن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اسد شفیق نے نئے بلے باز عمر امین کے ہمراہ جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور 14 ویں اوور کی آخری گیند پر عمر امین نے چوکا لگا کر اسکور 120رنز پر پہنچا کر کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کو فتح سے ہمکنار کردیا۔