پی ایس ایل 3: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی
دبئی: کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم کو شکست دیدی ہے۔پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے ۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر 132 رنز کا ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کراچی کنگز کے نمایاں بلے بازوں میں جووئے ڈینلے 29، بابر اعظم 28، کولن انگرام 23 اور محمد رضوان 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ زلمی کی جانب سے نوجوان بولر ابتسام شیخ اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ محمد اصغر نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پشاور زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل میدان میں اترے لیکن خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ تمیم اقبال صرف 11 جبکہ کامران اکمل 14 رنز بنا سکے۔اس کے بعد ڈیوائن ا سمتھ نے میدان سنبھالا اور انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور تک شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیوائن ا سمتھ نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز ناٹ آوٹ بنائے اور مین آف دی میچ رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پشاور زلمی کے8کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکے۔دوسری جانب کراچی کنگز کے بولرز نے کسی بلے باز کا کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ کنگز کے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ٹائمل ملز اور محمد عرفان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔