مضر صحت اشیاء سے بچے کی حفاظت کیسے ؟
آپ کے بچے کی صحت اور زندگی کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے . بچے نا سمجھ اور نادان ہوتے ہیں انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ کیا چیز انہیں نقصان پہنچا سکتی ہے . ایسے میں والدین کو چاہئے کہ اپنے گھر کا ماحول اس طرح بنائیں کہ بچے کی صحت و زندگی محفوظ رہے . تیز دھار آلات ، زہریلی اشیاء اور دوائیں بچوں کی پہنچ سے دور محفوظ جگہ پر رکھیں . سیڑھیوں اور سوئمنگ پول کے کناروں پر جنگلے لگائیں تاکہ بچے بے دھیانی میں نیچے یا پانی میں گر نہ جائیں . استری یا اوون کو آن کرکے دوسرے کاموں میں مشغول نہ ہو جائیں . گھریلو استعمال کی اشیاء مثلا بلیچنگ پاؤڈر ، ڈٹرجنٹ اور فینائل وغیرہ ایسی پیکنگ میں خریدیں جنہیں آسانی سے کھولنا ممکن نہ ہو . اس بات کا بھی اندازہ رکھیں کہ بچے کی رسائی کہاں تک بڑھ چکی ہے تاکہ آپ ہر طرح کے خطرناک چیز کو اس کی پہنچ سے دور رکھ سکیں . کھانے پینے کین اشیاء اور صفائی کے لئے استعمال کی جانے والی چیزیں کبھی بھی ایک ساتھ نہ رکھیں . بچوں کو دوا کبھی بھی سویٹ یا کینڈی کہہ کر نہ دیں بلکہ اسے بتائیں کہ یہ دوا ہے . کاسمیٹکس مصنوعات اور جراثیم کش ادویات بھی بچوں کی نظر اور پہنچ سے دور رکھیں . اگر بچوں کے رسائی ان چیزوں تک ہو جائے تو وہ مضر صحت اشیا منہ میں ڈالنے میں ذرا وقت نہیں لگاتے اور پھر یہی چیز والدین کے لیئے پریشانی اور ان کی صحت کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے .