ضمنی انتخابات:مایاوتی اور اکھلیش میں سمجھوتہ بی جے پی کیلئے چیلنج
نئی دہلی۔۔۔۔ مشرقی ریاستوں میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد ملک کی سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔یو پی کی 2پارلیمانی نشستوں پھول پور اور گورکھپور میں ضمنی انتخابات کےپیش نظر بی ایس پی اور سماج وادی نے باہمی اتفاق سے انتخابات لڑنے کیلئے سمجھوتہ کیاہے۔الہ آباد کے بی ایس پی کو آرڈینیٹر اشوک کمار گوتم نے میٹنگ کے بعد سماجوادی پارٹی کے امید وار ناگیندر سنگھ پٹیل کو حمایت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ہرانے کے لئے بی ایس پی کی حمایت رہے گی۔ گورکھ پور زون کے انچارج گھنشیام چندر کھروار، سماجوادی پارٹی کے ادے ویر سنگھ اور نشاد پارٹی کے صدر ڈاکٹر سنجے نشاد شامل ہوئے۔ میٹنگ کے بعد رہنماؤں نے گورکھ پور لوک سبھا ضمنی انتخاب میں سماجوادی پارٹی کے امیدوارکی حمایت کا اعلان کیا۔قبل ازیں گورکھ پور میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار پروین نشاد نے بی ایس پی سمیت تمام حزب احتلاف کی جماعتوں کی حمایت کا دعویٰ کیا۔ بی ایس پی کے حمایت کی اطلاع پرسماجوادی پارٹی کے رہنما سنیل سنگھ یادو نے کہا کہ بی ایس پی ضمنی انتخابات نہیں لڑے گی۔ دونوں جگہوں پر جہاں ضمنی انتخابات ہونیوالے ہیں وہاںسماجوادی پارٹی بی جے پی کیلئے چیلنج ثابت ہوگی۔واضح ہو کہ دونوں پارلیمانی نشستوں کے ضمنی انتخابات میں اگر بی ایس پی،ایس پی کی حمایت کرتی ہے تو ریاست کی سیاست میں اس کے دور رس نتائج مرتب ہوسکتے ہیں۔