Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقامی شہری کی معاملہ فہمی سے طالبہ اغوا ہونے سے بچ گئی

ابہا ..... مقامی شہری کی دلیری اور معاملہ فہمی نے طالبہ کو اغوا ہونے سے بچالیا۔ عکاظ اخبار کے مطابق ابہا میں طلال الشہرانی نامی سعودی باشندے نے معاملہ فہمی کا ثبوت دیتے ہوئے بروقت مداخلت کی اور طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ الشہرانی نے عکاظ اخبار کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے وہ اپنے دفتر کی طرف جارہا تھا کہ راستے میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔ اسی دوران ایک طالبہ جو سامنے کے اسکول سے گھر جانے کیلئے نکلی تھی بارش سے بچنے کیلئے شیڈ کے نیچے کھڑی ہوگئی۔ اسی اثناءمیں ایک سیاہ رنگ کی سیڈان کار طالبہ کے قریب آکر رکی جس میں ایک شخص بیٹھا ہوا تھا۔ الشہرانی نے کہا کہ جیسے ہی اس کی نظر سیاہ سیڈان والے شخص پر پڑی اسے اس بات کا احساس ہوا کہ معاملہ گڑبڑ ہوسکتا ہے۔ الشہرانی کا کہناتھا کہ وہ طالبہ کے قریب سے گزر کر جونہی آگے بڑھا اسی اثناءمیں مذکورہ شخص اپنی گاڑی سے اترا اور طالبہ کی جانب بڑھنے لگا ۔ الشہرانی نے یہ واقعہ اپنے بیک مرر سے دیکھ کر فوراً سمجھ لیا کہ معاملہ گڑبڑ ہے۔ اغوا کی کوشش کرنے والا شخص طالبہ کی جانب بڑھاا ور اسے زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کرنے لگا۔ الشہرانی کاکہناتھا کہ وہ یہ منظر دیکھ کر خود پر قابو نہ رکھ سکا اور فوری طور پر اپنی گاڑی اس شخص کی جانب بڑھا دی۔ اسی دوران الشہرانی نے ہنگامی پولیس 911سے بھی رابطہ کرکے اسے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اغوا کی ناکام کوشش کرنے والا جب اپنے ارادے میں ناکام ہوگیا تو اس نے موقع سے راہ فرار اختیار کی۔ اسی دوران پولیس کی مدد پہنچ گئی جنہوں نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ الشہرانی کی بہادری اور معاملہ فہمی کو دیکھتے ہوئے ریجنل پولیس کی جانب سے اسے تعریفی سند بھی دی گئی۔

شیئر: