ریاض.... پولیس نے غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاری مہم کے دوران بڑی مقدار میں شراب ضبط کر لی ۔ سبق نیوز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکارو ںکیجانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مہم کے دوران ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے امپورٹڈ شراب کی 310 بوتلیں برآمد ہوئیں ۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے انکے خلاف شراب اسمگل کرنے کا مقدمہ درج کر کے انہیں محکمہ انسداد منشیات کے حوالے کر دیا ۔ واضح رہے مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف مہم مملکت کے تمام شہروں میں جاری ہے جس میں ان افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے جو غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو پنا ہ دینے اور انہیں روزگار فراہم کرنے یا ایک شہر سے دوسرے شہر لے جانے والوں کو بھی گرفتار کیا جائیگا ۔ وہ افراد بھی قانونی طور پر مجرم تصور کئے جائیں گے ۔ ایسے افراد کو جو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو پناہ دیتے ہیں انہیں بھی ملک بدر کیاجائے گا ۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ کی جانب سے وقتا فوقتا تنبیہ کی جاتی رہتی ہے ۔