سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری مالیت 22ارب ریال پر پہنچ گئی
عبداللہ العثیم مارکیٹ کا100فیصد بونس شیئرز اور 30فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان،سابک کی قیمت 3.29فیصد اضافہ
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بھی سعودی اسٹاک مارکیٹ مثبت زون پر بند ہوئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس نے 186پوائنٹس کا مدوجزر دیکھا اور آخر میں 29.93پوائنٹس کے اضافے کے بعد 7870.87پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری مالیت 6فیصد اضافے کے بعد22ارب ریال پر پہنچ گئی۔ قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو 19ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں منافع کے لحاظ سے سارکو کو فوقیت حاصل رہی جسکی قیمت 11.70فیصد اضافے کے بعد41.04ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر العالمیہ انشورنس رہی جسکی پرائس 9.90فیصد فروغ کے بعد 26.08ریال پر بند ہوئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے سابک ٹاپ پر رہی جس میں 2.8ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی۔ جو کل سرمایہ کاری کا 12.7فیصد حصہ بنتا ہے۔ سابک کی قیمت 3.29فیصد اضافے کے بعد116.41 ریال پر پہنچ گئی۔ دالارکان میں 2.4ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اسکی قیمت 5.47فیصد اضافے کے بعد12.54ریال پر بند ہوئی۔ گزشتہ ہفتے 2017ءکے مالیاتی نتائج کے ساتھ ڈیویڈنڈ کے اعلانات بھی سامنے آئے جس میں عبداللہ العثیم مارکیٹ کا اعلان سب پر بھاری رہا۔ عبداللہ العثیم مارکیٹ ہول سیل، ریٹیل ، فوڈ، نان فوڈ، مچھلی، گوشت ، گھریلو استعمال کی مشینوں کی ٹریڈنگ کا کاروبار کرتے ہیں جس کا سرمایہ 450ملین ریال ہے اس نے 2017ءمیں 449ملین ریال کا خالص منافع کمایا۔ جس کا منافع 9.99ریال فی شیئر رہا جو اب تک کے 2017ءکے اعلان شدہ مالیاتی نتائج میں سب سے اچھا ہے ۔ دوسری جانب العثیم مارکیٹ نے 100فیصد بونس شیئر اور 30فیصد کیش ڈیویڈنڈ بھی تقسیم کرنے کا اعلان کیا جو اب تک کے تمام اعلانات میں سب سے بہترین ہے۔ اس کی قیمت چونکہ پہلے ہی بڑھ چکی ہے اس لئے زیر نظر ہفتے میں اسکی قیمت 3.10فیصد کمی کے بعد 154.06 ریال پر بند ہوئی۔ اسکے علاوہ سعودی جرمن اسپتال نے 20فیصد، سعودی کیٹرنگ نے 13فیصد اور فارم سپر اسٹور نے 7.5فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کے اعلانات کئے۔