تیز رفتاری سے اجتناب اور گاڑی کی کھڑکیاں بند رکھیں ، ٹویٹر پر ڈرائیوروں کو محکمہ ٹریفک کی جانب سے ہدایت
جدہ ( ارسلان ہاشمی) محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان دنوں مملکت میں گرد وغبار کے سبب ہائی وے پر سفرکرنے والوں کےلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ٹویٹر اکاﺅنٹ پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیوروں کو 4 اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر ان دنوں خراب موسم میں عمل کرکے حتی الامکان محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت کے شمالی اور مغربی علاقوں کے علاوہ ریاض اور قرب وجوار میں ان دنوں گردو غبار کا شدید طوفان آیا ہوا ہے ایسے میں ہائی وے پر سفر کرنے والے چند امور کا خیال رکھیں ۔ سفر شروع کرنے سے قبل ڈرائیور گاڑی کی ہیڈ لائٹس اور انڈیگیٹرز کو چیک کر لیں کہ وہ درست طور پر کام کررہے ہیں ۔ شاہراہوں پر سفر کرنے والے ان دنوں خاص کر تیز رفتاری سے اجتناب برتیں ، گاڑی کی کھڑکیاں بند رکھیں اور ائیر کنڈیشن کا استعمال کریں ، اوورٹیک کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں کیونکہ بعض شاہراہوں پر شدید غبار کے سبب حد نگاہ انتہائی کم ہو تی ہے جس کی وجہ سے وہ شاہراہیں جہاں سنگل ٹریک ہے اوورٹیک کرتے ہوئے اس امر کا یقین کر لیں کہ راستہ خالی ہے ۔ ڈبل ٹریک روڈ پر بھی اوورٹیک یا ٹریک تبدیل کرتے وقت سائیڈ میں جانے والی گاڑیوں کا خاص خیال رکھیں ۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے سفر کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔