سفیر پاکستان کی نائب وزیر محنت سے ملاقات ، پاکستانیوں کے امور پر تبادلہ خیال
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے جمعرات کو سعودی نائب وزیرمحنت ڈاکٹر تماضر یوسف مقبل الرماح سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ خان ہشام بن صدیق نے پاک سعودی دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے مملکت میں پاکستانیوں کے کردار پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ دوطرفہ برادرانہ تعلقات کی نظیر نہیں ملتی۔ مملکت میں اس وقت 27لاکھ پاکستانی ہیں جو برادر میزبان ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار اداکر رہے ہیں۔ سفیر پاکستان نے واضح کیا کہ ان کا ملک اپنے محنت کشوں کو جدید فنی مہارت سے آراستہ کر رہا ہے اور اسی سلسلے میں مئی میں اسکل فیئر(Skill fare) منعقد کرنے کا ارادہ کر رہا ہے۔ جس کے لئے سعودی وزارت محنت سے تعاون درکار ہے۔ سفیر پاکستان نے سعودی اوجر اور دیگر کمپنیوں کے پاکستانی ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسئلے کو جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ خان ہشام بن صدیق نے میزبان پر واضح کیا کہ جن پاکستانیوں کے اقاموں کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے اور جن کے کفیل نہ تو ان کے خروج نہائی لگانے پر تیار ہیں اور نہ ہی اقامو ں کی تجدید کرا رہے ہیں۔ ان متاثرین کے مسائل حل کئے جائیں۔ ڈاکٹر تماضر یوسف الرماح نے خان ہشام بن صدیق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک سعودی تعلقات کو مثالی قرار دیا او رکہا کہ پاکستانی محنت کش جانفشانی اور کام میں مہارت کی وجہ سے ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سفیر پاکستان کے اٹھائے گئے نقاط اور پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے سعودی حکومت آگاہ ہے اور جلد ازجلد ان مشکلات کو حل کر لیا جائے گا۔