Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاک طیبہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام" استقبال رمضان "سیمینار

رمضان ثواب کمانے کا مہینہ ہے، اللہ تعالی نے مالدار کے مال سے زکواۃ نکلواکر امت کے غرباء میں تقسیم کرنے کا حکم دیا،مولاناخلیل اللہ بشیر اور مولانا عبدالرحیم بانعیم کا خطاب
* * ***
رپورٹ و تصویر ۔ امین انصاری ۔جدہ
 خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ  کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر " استقبال رمضان " کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا جسکی نگرانی شمیم کوثر اور صدارت میر عارف علی نے کی جبکہ خالد المعینا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ عظمت علی عمران نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ چند دنوں میں ہمیں ایک ایسا مہینہ ملنے والے ہے جس کے3 دہے رحمت ، مغفرت اور دوزخ سے نجات دلانے والے ہیں ۔ کامیاب ہیں وہ لوگ جو اس ماہ مبارک  اپنے عمل سے اپنی آخرت سنوار لیں ۔انہوں نے خاک طیبہ ٹرسٹ کی کارکردگی کا مختصر جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز حیدرآباد میں محدث دکن اسکول میں 9 سے زائد طلبہ و طالبات زیور علم سے آراستہ ہورہے ہیں جبکہ ہزاروں خواتین اور یتیم لڑکیا ںٹیلرنگ سنٹر سے روز گار حاصل کررہے تو جدہ میں قائم کمپیوٹر سنٹر سے ہزاروں کی تعداد میں لڑکوں نے ٹریننگ حاصل کی ۔
     حافظ و قاری مولانا سیدخلیل اللہ بشیر اویس بخاری نے رمضان اور قرآن کے فضائل اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن ایک معجزاتی کتاب ہے ،اس کا سب سے بڑا معجزہ یہ ہے کہ وہ کمسن طالب عالم سے لیکر 80 سال کے ضعیف شخص کے سینے میں محفوظ رہتا ہے ۔ دنیا میں آنی والی دیگر آسمانی کتابوں میں کچھ نہ کچھ تحریف کیا گیا لیکن قرآن مجیدمیں قیامت تک نہ ردوبدل ہوسکتا ہے اور اسے مٹایا جاسکتا کیونکہ اس کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالی نے لیا ہے ۔ انہو ںنے قرآن مجید کو مبنع ہدایت بتاتے ہوئے اس کی وضاحت کی ۔ رمضان المبارک کے فضائل پر مولانا بخاری نے کہا کہ یہ سال کے 11 مہینوں پر افضل ہے کیونکہ اس ماہ کی ہر ادا بندوں کی نیکیوں اور ثواب میں اضافے کا باعث بنتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے اس ماہ میں روزدار کے سونے کو بھی عبادت کہا ، اس کے منہ سے آنے والی بدبو کو مشک و عنبر کی خوشبو سے بھی زیادہ  پسند فرمایا ۔
    نگران سیمینار شمیم کوثر نے کہا کہ مسلمان دوسروں کیلئے جیتا ہے۔اپنی قوم اور کلمہ گو کی فلاح و بہبود کیلئے خود کو وقف کردینے والا مومن کہلاتا ہے ۔انہوں نے نونہالان قوم اور ملت کی بیٹیوں کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ہم انکے رہبر بن کر ایک عزت دار اور تعلیم یافتہ قوم کا حصہ بنائیں ۔
    صدر سیمینار میر عارف علی نے کہا کہ امت مسلمہ دنیا میں اسی وقت سرخرو ہوسکتی ہے جب وہ تعلیم یا ٹیکنکل علوم میں مہارت حاصل کرے ۔
    اعجاز احمد خان نے کہا کہ اپنی قوم کی عورتوں کو زندگی کے ہر شعبہ میں بھرپور مہارات دلوائی جائے تاکہ اس کی گود میں پلنے والی نسل دنیا کی بہترین قوم بن کر سامنے آئے کیونکہ ماں کی گود ہی بچے کا پہلا مدرسہ ہے ۔
    احمد عبدالحکیم نے کہا کہ  مثالی تہذیب ، تمدن ، ثقافت اور تعلیم زندہ قوموں کی میراث ہے ۔ ہمیں اپنی میراث کی حفاظت کرنا ہے اور اسے پروان چڑھانا ہے ورنہ ہمارا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے ۔
    مہمان خصوصی خالد المعینا نے کہا کہ ہندوستان میں رہنے والی خواتین میں خود اعتمادی اور تعلیم کا فقدان ہے، ہمیں چاہئے کہ اس سمت بڑے پیمانے پر کام کیا جائے ۔سعودی عرب میں قائم تنظیموں کو چاہئے کہ وہ دینی اور عصری تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں، انہوں نے اس موقع پر خاک طیبہ ٹرسٹ کے کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ جس انداز میں ٹرسٹ اسکول چلا رہا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔
    حافظ و قاری مولانا عبدالرحیم بانعیم خطیب مسجد عبدالرحمان جدہ زکواۃ اور وزے کی اہمیت  پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ انسان میں تقوی پیدا کرتا ہے ،میڈیکل کی روسے بھی دیکھا جائے تو انسانی صحت کیلئے سال میں ایک ماہ بھوکا رہنا بے شمار امراض کا سدباب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زکواۃ اللہ نے اس لئے قائم کی مالدار کی دولت سے غریب کی مدد کی جائے اگر مسلمان پابندی سے زکواۃ دیتا رہے تو یقینا چند سالوں میں دنیا میں کوئی بھی مسلمان غریب نہیں رہ سکتا ۔
     عمران کوثر نے خاک طیبہ ٹرسٹ کی 27 سالہ کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کے چند ذمہ داروں نے 16 بچوں سے ٹین شیڈ میں محدث دکن اسکول حیدرآباد دکن میں شروع کیا تھا آج 900 بچے کئی منزلہ عمارت کی اسکول میں زیو ر علم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ دوسری طرف ہزاروں بیوائیں اور یتیم بچیاں ٹرسٹ کے ٹیلرنگ سنٹر سے روزگار حاصل کرکے زکواۃ دینے کے قابل ہوچکے ہیں ۔انہوں نے ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبود کیلئے امت کے دردمندان قوم کو آگے بڑھنے کی دعوت دی ۔
    عبدالحق ہاشم نے تلاوت کلام پاک ،سلمان شکیل  اور امین انصاری نے ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
مزید پڑھیں:- - - -ڈاکٹر دلشاداحمد مزید ایک سال کیلئے انڈین اسکول ریاض کے چیئرمین منتخب

شیئر: