Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں 3 نئے چہرے

دبئی: اہم ترین اجلاس سے قبل آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں ردوبدل کیاگیا اور 3نئے ممبران 28 اور 29 مئی کی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔آسٹریلیا کی سابق ویمن کپتان بیلینڈا کلارک، نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن اور اسکاٹ لینڈ کے کپتان کائیل کوئیٹزر کو 3برس کیلئے آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ممبئی میں 28 اور 29 مئی کو منعقد ہوگا جس میں کئی دوسرے ایشوز کے ساتھ 2019 سے شروع ہونے والی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پلیئنگ کنڈیشنز، ٹاس کی روایت ختم کرنے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے غور ہوگا۔یلینڈا کمیٹی میں کلیری کورنر کی جگہ لیں گے جن کی 3برس کی مدت پوری ہوچکی ہے۔ ہیسن، ڈیرن لہمین کی جگہ کمیٹی میں شامل ہوں گے جوکہ آسٹریلوی کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اب اس منصب کے اہل نہیں رہے۔اسی طرح آئرلینڈ کے فل ممبر بن جانے کی وجہ سے کیون اوبرائن بھی ایسوسی ایٹ ممبران کی نمائندگی کے اہل نہیں رہے۔ان کی جگہ اسکاٹ لینڈ کے کوئیٹزر لیں گے۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں فی الوقت کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں جبکہ اس کے چیئرمین ہند کے سابق کپتان اور اسپنر انیل کمبلے ہیں۔آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر اور چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن بھی اس کا حصہ ہیں۔سابق کھلاڑیوں کی نمائندگی اینڈریو اسٹراؤس اور مہیلا جے وردھنے کررہے ہیں جبکہ موجودہ کھلاڑیوں کے نمائندے ٹم مے اور راہول دراوڑہیں۔ فل ممبرز ٹیموں کے کوچز کے نمائندے مائیک ہیسن ہیں، ایسوسی ایٹس ٹیموں کی نمائندگی اب کائیکل کوئیٹزر کرینگے۔

شیئر: