نجی ادارہ کے ملازم کے میڈیکل انشورنس کیلئے عمر کی کوئی شرط نہیں
مکہ مکرمہ..... کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل نے واضح کیا ہے کہ نجی ادارے کے ملازم کے میڈیکل انشورنس کیلئے عمر کی کوئی شرط نہیں۔نیا میڈیکل انشورنس پیکیج اضافی فوائد پر مشتمل ہے۔5لاکھ ریال تک کے اخراجات کا احاطہ کریگا۔ کونسل کے ترجمان یاسر المعارک نے مکہ اخبار کو بتایا کہ نئی انشورنس دستاویز پر عملدرآمد یکم جولائی 2018ءسے شروع ہوگا۔ نجی ادارے کے سعودی ملازم یا غیر ملکی ملازم ہوں دونوں پر یکساں طریقے سے قانون لاگو ہوگا۔ کوئی بھی عمر کی حد کا پابند نہیں ہوگا۔ نجی ادارے کے ملازم کی عمر کتنی ہی کیوں نہ میڈیکل انشورنس ہوگا۔ عمر کی کوئی شرط نہیں۔ یہ اصول و ضوابط لازمی میڈیکل انشورنس کے دائرے میں آنے والوں پر لاگو ہونگے۔ یہ کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس قانون کے دائرے میں نہیں ہیں۔ اختیاری میڈیکل انشورنس کو منظم کرنے والا کوئی ادارہ نہیں ہے لہذا اختیاری انشورنس کے سلسلے میں متعلقہ ادارہ حد بندی کرسکتا ہے۔ یاسر المعارک نے مزید بتایا کہ یکم جولائی 2018ءسے ماقبل والے میڈیکل انشورنس اختتام کی تاریخ تک موثر رہیں گے۔ کوئی بھی انشورنس کمپنی متعلقہ معاہدہ ختم ہونے کی تاریخ سے قبل اسے کالعدم کرنے کی مجاز نہیں۔ المعارک نے یہ بھی بتایا کہ میڈیکل انشورنس پیکیج وزارت صحت نے مقررکئے ہیں۔میڈیکل انشورنس کونسل تمام کمپنیو ںکے ساتھ یکساں معاملے کی پالیسی پر قائم ہے۔ المعارک نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس قانون، لائحہ عمل اور نیا میڈیکل انشورنس پیکیج اچھی طرح سے پڑھیں ای گیٹ پر جاکر تفصیلات دیکھیں اور اپنے حقو ق کے بارے میں معلوم کریں اور اگر کسی کو کسی طرح کی شکایت یا کوئی بات معلوم کرنی ہو تو مشترکہ نمبر 920001177یا اسمارٹ فون ایپلی کیشن اور سماجی رابطہ چینلز کے ذریعے رجوع کرسکتے ہیں۔