فیفا ورلڈ کپ: افتتاحی تقریب کے ساتھ شاندار آغاز
ماسکو:روس کے صدر ولادمیر پوٹین نے شاندار افتتاحی تقریب کے بعد سال کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2018 ءکے باقاعدہ آغاز کا اعلان کردیا ۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان او رفیفا کے سربراہ انفینٹینو بھی شریک ہوئے۔ افتتاحی میچ میں سعودی عرب اور میزبان روس کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔روس کے دارالحکومت ماسکو کے لزنیکی اسٹیڈیم میں 80ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں صدر نے 21ویں ورلڈ کپ کے آغاز کا اعلان کیا جو 1980ء کے ماسکو اولمپکس کے بعد سے روس میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔2010ء میں اسپین کو ورلڈ کپ جتوانے والے ایکر کیسیلاس اور روس کی سپر ماڈل نتالیہ ووڈیو نووا میدان میں ورلڈ کپ کی ٹرافی لے کر آئیں۔ پورے اسٹیڈیم نے ٹرافی کا بھرپور تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ جس کے بعد افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جبکہ سابق عظیم برازیلین فٹبالر رونالڈو عالمی کپ کے میسکوٹ زابی واکا کے ہمراہ نظر آئے۔15سے20 منٹ تک جاری رہنے والی افتتاحی تقریب میں روبی ولیمز نے اپنی شاندار پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے دل جیت لیے جہاں انہوں نے اپنے مشہور گانوں "لیٹ می انٹرٹین یو" اور "روک ڈی جی" سے محظوظ کیا اور ان کے ساتھ ڈانسرز نے اسٹیج پر پرفارمنس دی۔افتتاحی تقریب میں زیادہ تر توجہ موسیقی کوحاصل رہی جہاں گیری فلونا نے ولیم کے ساتھ مل کر ماحول کو مزید دلچسپ بنا دیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ روس کے مقامی رقص اور کرتبوں نے بھی شائقین کی دلچسپی کا سامان پیدا کیا۔تقریب کے بعد روس کے صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں دنیا کے اس اہم ترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔افتتاحی تقریب کے بعد ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔روس نے سعودی عرب کو افتتاحی میچ میں 0-5سے شکست دیدی۔دریں اثناءاسٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی ،کرسٹیانو رونالڈو ، نیمار جونیئر اور صلاح کے فینز اپنے فیرسٹ پلیئرز کی ٹی شرٹ خریدتے دکھائی دیئے۔ انہوں نے جسم اور چہروں پر پینٹ کروایا۔شائقین اپنے پسندیدہ پلیئرز کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بے تاب دکھائی دیئے ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 جولائی 2018ءکو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔