واشنگٹن۔۔۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ محکمہ انصاف کی جانب سے ہیلری کلنٹن کی اِی میلوں کی چھان بین سے متعلق انسپکٹر جنرل کی جاری کردہ نئی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’ایف بی آئی‘ کے ڈائرکٹرجیمز کومی قانون کے نفاذ پر مامور ادارے کے ایک ’’غیر مؤثر‘‘ سربراہ تھے۔صدر نے کہا کہ کومی کو معطل کرکے اْنھوں نے ملک کی ’’زبردست خدمت‘‘ کی۔صدر ٹرمپ نے ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹ، پیٹر سٹروزک کی بھی خبر لی، جنھوں نے تفتیش کے دوران یہ پیغام جاری کیا کہ ہم ٹرمپ کو صدارتی انتخاب جیتنے نہیں دیں گے۔ ٹرمپ نے ’ایف بی آئی‘ کے موجودہ سربراہ کرسٹوفر رے کی قائدانہ صلاحیت کو سراہاجنھوں نے ادارے کو بچانے کے لیے فرائض سنبھالے۔رپورٹ میں، امریکی محکمہء انصاف کے ’انٹرنل آڈیٹر‘ نے 2016ء کے انتخابات کے دوران ہیلری کلنٹن کی اِی میلوں کی چھان بین میں کومی کے کردار پر سخت تنقید کی تاہم اْنھوں نے کہا کہ تفتیش کاروں کو اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ کومی کا انداز ’’سیاسی محرکات‘‘ پر مبنی تھا۔رپورٹ کا ایک طویل مدت سے انتظار تھا۔