گوری لنکیش قتل کیس: شری رام سینا کی ملزم کیلئے مالی امداد کی اپیل
نئی دہلی۔۔۔۔۔ سینیئرصحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کے قتل کے سلسلے میں ایک بار پھر ہندو تنظیم شری رام سینا کا نام سامنے آیا ہے۔ شری رام سینا نے پرشو رام واگھمارے کے اہل خانہ کی مدد کے لئے امدادی رقم جمع کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس کے لئے شری رام سینا کی وجے پورا ضلع یونٹ نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے اپیل کرنا شروع کر دی۔گوری لنکیش کوقتل کرنیوالا ملزم پرشورام واگھمارے اس وقت پولیس حراست میں ہے اور وہ ایس آئی ٹی کے سامنے جرم کا اعتراف کر چکا ہے۔شری رام سینا کے کئی کارکنان نے اپنے فیس بک پر اپیل والا پوسٹر شیئر کیاجس میں کہا گیا ہے کہ پرشورام واگھمارے کا خاندان غریب ہے۔پوسٹر میں پرشورام واگھمارے کی ایک تصویر بھی لگائی گئی اورتحریرکیا کہ ہندو مذہب کی حفاظت کرنے والے کی مالی تعان کیلئے آگے آئیں۔اس پوسٹر میں بینک اکاؤنٹ کی مکمل تفصیل دی گئی جس میں رقم جمع کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔خبروں کے مطابق جیل میں بند پرشورام واگھمارے کے خاندان کی مدد کے لئے بہت سے لوگوں نے اپنے ہاتھ آگے بڑھائے ہیں۔