کراچی کےلئے صرف 10دن کا پانی باقی رہ گیا
کراچی: پانی کی قلت سے ستائے کراچی کے شہریوں کےلئے محکمہ واٹر بورڈ نے ایک اور بری خبر سنا دی جس کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی ہے اور اس میں صرف 10 دن کا پانی باقی رہ گیا ہے جس کے بعد کراچی کے رہنے والوں کو پانی کے شدید بحران سے دوچار ہونا پڑے گا۔ کئی ماہ سے کراچی کے شہری قلت آب کا شکار ہیں اور شہر پر ٹینکر مافیا کا قبضہ ہے جبکہ سپریم کورٹ نے بھی گزشتہ دنوں اس حوالے سے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے کہا کہ ہم اس شہر کی ٹینکر مافیا سے جان چھڑائیں گے تاہم تازہ صورت حال میں ٹینکر مافیا ہی کی چاندی ہوتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ حب ڈیم میں پانی کی سطح صرف 9 انچ رہ گئی ہے۔ واٹر بورڈ کے حکام نے بتایا کہ لیول ڈیڈ لائن تک پہنچنے کے بعد صرف ضلع غربی اور وسطی کو 10 دن تک پانی مل سکے گا۔ ذرائع کے مطابق حب ڈیم سے 100 ایم ڈی جی پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم اس وقت صرف 10 ایم ڈی جی ہی فراہم کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ سطح تک پانی ختم ہونے کے بعد پمپس لگا کر پانی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تاہم وہ بھی 20 دن میں ختم ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہاگر بارشیں نہ ہوئیں تو جولائی کے آخر تک پانی کی فراہمی مکمل بند ہو جائے گی۔