احباب مکہ پاکستان گروپ کا عید ملن عشائیہ
پاکستان میں قلتِ آب سمیت دیگر مسائل پر کمیونٹی نے سیر حاصل بحث کی
محمدعامل عثمانی ۔ مکہ مکرمہ
احباب مکہ مکرمہ پاکستانی گروپ کے ممبر حافظ عدیل پیرزادہ نے عید ملن عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں احباب مکہ کے ممبران کے علاوہ پاکستان سے آئے ہوے مہمانان گرامی مولانا عبدالمعبود آزاد ، مولانا قاری علی ناصر ، مولانا نصراللہ،مولانااسداللہ ، قاری عبدالعزیز ، میاں خدا بخش جنید ، سلیم چشتی اورطاہر اعوان نے شرکت کی ۔
اس موقع پر احباب مکہ کے محمد سلیم اختر ، محمد نواز فاروقی ، ملک اللہ بخش کلیار ، محمد شریف ، فیاض حسین چوہدری ، زاہد شریف ، ثاقب قدیر ، عبد الطیف منہاس ، راجہ مبشر محمود ، شکیل الرحمن نے احباب مکہ کی بے لوث کمیونٹی تربیت اور خدمات کو سراہا اور اس موقع پر احباب مکہ کے نگراں اور سماجی کارکن محمد سعید اعوان کی کمی کو بھی شدت سے محسوس کیا ۔
حاضرین نے پاکستان کے ممکنہ آبی بحران کے موضوع پر بات چیت کرتے ہوے گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان متعدد ڈیم بناتا رہا اور ہمارے رہنما سڑکوں پر ہی قوم کو تسلیاں دیتے رہے۔سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب پینے کو پانی نہیں ہوگااور خدانخواستہ ہمارے کھیت بنجر ہوجائینگے جسکے نتیجہ میں اللہ نہ کرے کہ عوام بناء غلہ اور پانی تڑپنے لگیں تو ان سڑکوں پر چلنے والا ہی کون ہوگا۔ شرکاء نے کراچی کی ایک تازہ پانی سے متعلق خبر پربھی دکھ کا اظہار کرتے ہوے بتایا کہ تقریباً100 افراد ا منہ مانگی قیمت پرپانی کا ٹینکر حاصل کرنے کے لئے لمبی قطار میں بے چین کھڑے ہیں ۔احباب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ملک کے بڑے رہنماؤں نے پاکستان کے باہر اپنی جائیدادیں بنالی ہیں اور پریشانی کے وقت وہ نکل لیں گے اور رہ جائیں گے تڑپتی ہوئی ملک کے مجبور اور غریب عوام۔ کاش کہ عوام برد باری کا استعمال کرتے ہوئے درویش صفت ، مخلص اور باکردار شخصیات کو آئندہ انتخابات میں منتخب کریں ۔