شاہ فہد میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں کا شاندار کارنامہ
ریاض .....شاہ فہد میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے لڑکی کے سر میں پیوست ہونے والی گولی نکال لی ۔ آپریشن انتہائی حساس نوعیت کا تھا جس میں کئی گھنٹے لگے ۔ سبق نیوز کے مطابق وادی الدواسر کمشنری میں شادی ہال کے قریب ایک فارم ہاوس میں تفریح کےلئے جانے والے خاندان کو اس وقت انتہائی مشکل صوررتحال کا سامنا کرنا پڑا جب برات آنے پر دولہا کے دوستوں نے ہوائی فائرنگ کی جس کی ایک گولی ساتھ ہی فارم ہاﺅس میں پکنک منانے کےلئے آنے والے خاندان کی ایک لڑکی کے سر میں پیوست ہو گئی ۔ گولی لگنے سے لڑکی بے ہوش ہو کر گر گئی ۔ لڑکی کے اہل خانہ نے فوری طور پر ہلال الاحمر کو طلب کیا جنہوں نے زخمی لڑکی کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسے اسپتال منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے فوری آپریشن کرکے سر سے گولی نکال لی ۔ میڈیکل سٹی کی ذمہ دار کا کہنا ہے کہ مریضہ کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔