باپ بیٹی رو رہے ہیں،عمران خان
اسلام آباد...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے تحریک انصاف کی تیاری مکمل ہے ۔ اب تبدیلی کا وقت ہے۔ اس مرتبہ جتنی تیاری ہے ماضی میں کبھی نہیں تھی۔مقابلے کا پہلا اصول ہے کہ مخالف کو کبھی کمزور نہ سمجھو۔ الیکشن میں نواز اور زرداری اکھٹے ہونگے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی اچھے امیدوا ر بھی تھے۔ انہیں بھی ٹکٹ نہیں ملی۔کارکنوں کے احتجاج سے مجھے تکلیف ہوئی ہے۔ ٹکٹ سے محروم نظریاتی کارکنوں کو بعد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔عام انتخابات کے پارٹی میں الیکشن کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف32 ایف آئی آر کاٹی گئیں۔ میرے ساتھ یہ ہو ا ہے تو عام شخص کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ میں یہ لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ باپ بیٹی ایسے رو رہے ہیں جیسے بہت بڑا ظلم ہوا ہے۔انہوں نے منی لانڈرنگ کے پیسے لند ن میں جائدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جگہ کوئی کمزور شخص ہوتا تو جیل میں ہوتا۔ اسحاق ڈا ر ایسے بستر پر پڑے تھے جیسے تھوڑے دنوں کے مہمان ہوں ۔شہباز شریف کے داماد کا نام کیس میں آیا تو لندن بھاگ گیا۔ آصف زردای بھی دبئی جہاز پکڑ کربھاگ جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ روپے کی قدر گرنے کے ذمہ دار زرداری اور نواز شریف دونوں ہیں۔ ان کی وجہ سے روپے کی قدر گری۔ 10 سال پہلے 6 ہزار ارب روپے قرضہ تھا۔ اب بڑھ کر 27 ہزار ارب تک پہنچ گیا۔شریف برادران نے موٹر وے سے پیسہ بنایا ۔قوم کو مقروض کرکے حکمراں امیر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کا کاربار اور جائدادیں با ہر ہیں۔جس پارٹی کے سربراہ کے جینا مرنا پاکستان میں نہیں اسے ووٹ نہ دو۔عمران خان نے کہا کہ ہمارے اقتدار کے پہلے دن ہی بڑی کرپشن ختم ہوجائے گی۔یہ وہ کرپشن ہے جو وزیراعظم اور وزراءکرتے ہیں۔ چھوٹی کرپشن ختم کرنے میں وقت لگے گا۔