ممبئی : اندھیری میں فلائی اوور منہدم،5افراد زخمی
ممبئی۔۔۔۔اندھیری اسٹیشن کے قریب اوور برج کا ایک حصہ(سلیب) منہدم ہونے سے حادثہ رونما ہوگیاجس کے نتیجے میں لوکل ٹرینوں کی آمدو رفت معطل کردی گئیں۔تقریباً2گھنٹے سے اندھیری اور ویرار کے درمیان لوکل ٹرینیں بند ہوگئیں۔پولیس کے مطابق پل کا حصہ منہدم ہونے سے5افراد زخمی ہوئے جبکہ متعددافراد کے ملبے میں دب جانے کا امکان ہے۔

مغربی ریلوے کے اعلیٰ افسر روندر بھاکر نے بتایا کہ پل کا ایک حصہ منہدم ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی تاہم انجینیئروں کا ایک دستہ ہنگامی بنیادوں پر پل کی اصلاح و مرمت میں مصروف ہے۔ واضح ہو کہ ممبئی میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ریلوے پٹری سے پل کا ملبہ ہٹانے کیلئے این ڈی ار ایف ، بی ایم سی ، فائر بریگیڈ اور آر پی ایف کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کررہی ہیں۔

ٹریفک اژدہام کے پیش نظر انتظامیہ نے 39مزید بسیں چلانے کا فیصلہ کیا۔ شدید بارش سے سیون ریلوے اسٹیشن پر ریلوے لائن پانی میں ڈوب گئی۔منہدم ہونے والے گوکھلے پل کی حالت کے بارے میں 2016ء میں آر ٹی آئی سے معلومات طلب کی گئی تھی تو بتایا گیا تھا کہ سب ٹھیک ہے۔