Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور: 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ‘ شہر میں سوگ

پشاور:  اے این پی کے جلسے میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید 10 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جبکہ اندوہناک واقعے کے بعد سے شہر کی فضا مکمل سوگوار دکھائی دے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدار بیرسٹر ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوگئے تھے جن میں سے 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ آج رحمن بابا عیسیٰ خیل جنازہ گاہ میں ادا کی گئی۔ اے این پی ذرائع کے مطابق پارٹی کے شہید رہنما ہارون بلور اور دیگر کی نماز جنازہ شام 5 بجے ادا کی جائے گی۔علاوہ ازیں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کی شہادت پر پشاور شہر کی فضا سوگوار ہے۔ اس موقع پر اہم کاروباری مراکز اور بازار بند ہیں جب کہ سیاسی سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ہارون بلور پر حملے سے متعلق کوئی خصوصی انتباہ موجود نہیں تھا جبکہ ہارون بلور کو 2 ارو دیگر امیدواروں کو 1 پولیس گارڈ دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔  دھماکے کے بعد سرچ آپریشن میں 30 سے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے ۔
مزید پڑھیں:- - - -حسن اور حسین نواز کے وارنٹ انٹر پول کو ارسال

شیئر: