Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حسین لوائی کے ریمانڈ میں توسیع

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) کی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی اور طحہٰ رضا کا کے ریمانڈ میں 14 جولائی تک کی توسیع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے ملزمان سے مزید تحقیقات کے لیے جسمنای ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی۔ سماعت کے دوران حسین لوائی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بینک کی 200 برانچیں ہیں، ہزاروں ملازمین کے بے روز گار ہونے کا خدشہ ہے، لوگ رقوم نکلوارہے ہیں اور تحقیقات ہوچکی ہے، یہ ڈکیتی کا مقدمہ نہیں جو کیس پراپرٹی برآمد کرنی ہو، اکاﺅنٹ میں رقم آئی اور دوسرے کے اکاﺅنٹ میں چلی گئی جبکہ اکاﺅنٹ میں آنے والی رقم کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک کو بھیج دیا جاتا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے از خود نوٹس پر ہی ریکارڈ فراہم کیا جارہا ہے۔ 15 جنوری سے تحقیقات کررہے ہیں لیکن کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا جبکہ حسین لوائی کو سپریم کورٹ میں پیش کرنا ہے، لہٰذا ریمانڈ دیا جائے ۔ جس پر عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد حسین لوائی اور طحہٰ رضا کے ریمانڈ میں 14 جولائی تک کی توسیع کردی۔
 
 

شیئر: