نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کے لیے ہیلی کاپٹر تیار
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کو سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق وہ لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ جہاں سے گرفتار کرکے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے نیب کام کو ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (لاہور) کے ڈائریکٹر شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو خط کے ذریعے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ جس کے بعد ڈی جی نیب لاہور کے مطابق چیئرمین نیب نے مثبت جواب دیتے ہوئے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا ہے۔ قبل ازیں وزارت داخلہ نے دونوں رہنماﺅں کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے جس کے مطابق بیرون ملک سزا یافتہ افراد کی وطن واپسی کے موقع پر انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے جس کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا جا چکا ہے۔