Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے لیے انٹرپول کو درخواست

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کردی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی زیر سربراہی عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بنچ نے اسحق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اس دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست دے دی ہے ، تاہم وارنٹ جاری کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ انٹرپول نے کرنا ہے ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پاسپورٹ کی منسوخی سے متعلق حکومت نے کیا فیصلہ کیا؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پاسپورٹ منسوخی کا معاملہ گزشتہ سماعت پر بھی زیرغور آیا تھا، عدالت نے آبزرویشن دی تھی اگر پاسپورٹ منسوخ کیا تو اسحق ڈار کو واپس نہ آنے کا بہانہ مل جائے گا۔ جسٹس سردار اسحق نے استفسار کیا کہ کیا اسحق ڈار کے مفرور ہونے کی بنیاد پر جائداد ضبط کی گئی؟ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کیس کے ساتھ ان کی جائداد بھی منسلک کردی گئی ہے اور نیب ریفرنس ہی کی بنیاد پر انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔
 
 

شیئر: