ایف آئی اے نے زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرلیا
کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بیان کے لیے آج طلب کر رکھا ہے ۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاﺅنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے ، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈی جی ساﺅتھ ایف آئی اے و جے آئی ٹی سربراہ نجف مرزا نے کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے پنجاب کے افسران نے بھی شرکت کی، جس کے دوران مقدمے کی اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج کمرشل بینکنگ سرکل میں طلب کیا گیا ہے اور متوقع طور پر جے آئی ٹی دونوں سے پوچھ گچھ کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں اس کیس کے حوالے سے آئندہ سماعت کے لیے کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے ۔