مکہ مکرمہ ..... 1439 ھ کے حج موسم کیلئے اسپیشل فورس نے بتایا ہے کہ 25شوال 1439ھ سے لیکر 24ذی قعدہ 1439ھ تک بغیر اجازت حج مقامات کا رخ کرنے والے 188ہزار افراد کو مکہ مکرمہ ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات جانے سے روک دیا گیا۔ مکہ مکرمہ کے اطراف 12تفتیشی چوکیوں پر اجازت نامے چیک کئے گئے تھے۔ 83746غیر قانونی گاڑیوں کو بھی مقدس شہر جانے نہیں دیا گیا۔ اسپیشل فورس کے عہدیداروں نے خبردار کیا کہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مقدس شہر جانے سے ر وکنے کی مہم جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے داخلی عازمین سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں اور حج موسم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں۔ دریں اثنا ءداخلی عازمین کو حج کرانے والے اداروں و کمپنیوں کی رابطہ کونسل کے رکن محمد القرشی نے بتایا کہ اب تک وزارت حج کے ای گیٹ کے ذریعے تینوں طرح کے حج پیکیج کیلئے مختص نشستوں میں سے90فیصد بک ہوچکی ہیں۔ سب سے زیادہ اندراج بڑے شہروں سے کرایا گیا ہے۔ القرشی نے توجہ دلائی کہ داخلی عازمین کیلئے اندراج کی شروعات یکم ذی قعدہ سے کی گئی تھی۔ 7ذی الحجہ تک اس کا سلسلہ جاری رہیگا۔ القرشی نے بتایا کہ معلمین کو مشاعر مقدسہ میں گاڑیاں لیجانے کے اجازت نامے کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان جلد کردیا جائیگا۔ وزارت حج نے امسال پہلی مرتبہ مکہ محکمہ تعلیم کے تعاون سے عازمین کے بچوں کی نگہداشت کی سہولت کا بھی آغاز کیا ہے۔ آن لائن اندراج کراکے اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔