ریاض.... فوری سماعت کی کریمنل کورٹ نے عدالت میں کام کرنے والے ہندوستانی ملازم پر محکمہ کے راز افشا کرنے کے الزام میں مقدمے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ ملزم کوتحریری طور پر الزامات دے دیئے گئے جن کا اس سے عدالت میں جواب طلب کیاجائے گا۔ سبق نیوز کے مطابق کرمنل کورٹ میں مینٹیننس کے ہندوستانی کارکن کو عدالتی راز افشاں کرنے اور غیر قانونی طور پر عدالتی کمپیوٹر استعمال کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ تحقیقاتی اداروں نے ملزم کے خلاف چالان مکمل کرنے کے بعد اسے عدالت میں پیش کردیا ۔ کریمنل کورٹ نے مقدمے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کو تحریری صورت میں الزامات فراہم کردیئے تاکہ تحریری طور پر انکا جواب جمع کروایا جاسکے ۔ ہندوستانی ملزم پر سب سے بڑا الزام ہے کہ اس نے عدالتی خفیہ دستاویزات تک رسائی حاصل کر کے انہیں عدالت سے باہر بھیجا جو شاہی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ دوسر ے الزام میں کہا گیا کہ ملزم عدالت کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ہارڈ ڈسک عدالت میں لایا جبکہ وہ اس امر سے واقف تھا کہ ایسا عمل غیر قانونی ہے ۔ تیسرے الزام میں کہا گیا ہے کہ ملزم عدالت کے مخصوص کمپیوٹر ذاتی طور پر استعمال کرتا تھا جس کے ذریعے وہ ان افراد سے رابطہ رکھتا جن کا عدالت سے کوئی تعلق نہیں تھا جبکہ عدالتی کمپیوٹرز پر وہ غیر اخلاقی وڈیو اور تصاویر بھی ڈاﺅن لوڈ کرتا تھا ۔ چوتھے الزام میں کہا گیا ہے کہ ملزم نجی ہارڈ ڈسک اور کمپیوٹر میں عدالت کی اہم دستاویزات جن میں دہشتگردی اور امن عامہ سے متعلق مقدمات کی کارروائی شامل تھیں کو اپنے کمپیوٹر میں اسٹورکرتا رہا جو غیر قانونی عمل ہے ۔ ملزم کے بارے میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پراسیکیوشن جنرل نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے جن میں قانون کی شق 5 اور شق نمبر6کے مطابق قید اور جرمانے کی سزا کے علاوہ مملکت سے بے دخلی بھی کیاجائے ۔