ریاض.... سعودی عرب میں اردو ادب کے حوالے سے جانی پہچانی شخصیت کنگ سعود یونیورسٹی کے سابق پروفیسر اور انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض کے استاد ، شاعر و ادیب ڈاکٹر شفیق ندوی قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے۔ انکی نماز جنازہ بدھ کو بعد نماز عصر ریاض کی الراجحی مسجد میں ادا کی جائیگی۔ ڈاکٹر ندوی گزشتہ 30برس سے زائد عرصے سے مملکت میں مقیم تھے۔ انکی عمر 66برس تھی۔ انہوں نے علم الکلام میں پی ایچ ڈی کررکھا تھا۔ وہ یوم عرفہ کی شب 3بجے انتقال کر گئے تھے۔انہوں نے یوپی کے ضلع مﺅ میں بیوہ ، 2بیٹے اور 2بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ڈاکٹر شفیق ندوی کے انتقال پر اردونیوز و ملیالم نیوز کے ایڈیٹر انچیف طارق مشخص ، نیوز ایڈیٹر ابصار سید اورعملے کے ارکان نے دلی افسوس کا اظہار کیا ۔جدہ کے عالمی اردو مرکز کے صدر اطہر عباسی، ضیاءعباس ندوی، مہتاب قدر ، شوکت جمال ، ناصر برنی،افسر بارہ بنکوی، فیصل طفیل ، اشفاق بدایونی سمیت دنیائے ادب کے شعراءاور ادباءنے ڈاکٹر شفیق ندوی کے انتقال پر دلی صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر شفیق ندوی اردونیوز کیلئے بھی مضامین اور اشعار لکھا کرتے تھے۔ انکی تحاریر قارئین میں بہت مقبول تھیں۔