Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پاکستانی تاجروں کا اجلاس ، کانکنی ، پٹروکیمیکل اور خوراک منصوبوں پر غور

    اسلام  آباد - - - -  سعودی پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں نے اسلام آباد میں دو روزہ اجلاس منعقد کر کے دونوں برادر ملکوں کے درمیان کانکنی، پٹروکیمیکل، خوراک اور دوا وغیرہ منصوبے شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ 6ماہ قبل بھی اس حوالے سے ایک اجلاس ہو چکا ہے۔ سعودی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت عبدالرحمان الحربی اور پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری محمد یونس نے کی۔ اس موقع پر پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے جبکہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار اور تاجر شریک رہے۔ الحربی نے بتایا کہ فریقین کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر غور وخوض کیا گیا۔الحربی نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد تجارتی لین دین کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کے ازالے سمیت دلچسپی کے اہم امور پر نظر رکھنا ہے۔ ملاقاتوں کے نتیجے میں کئی فیصلے ہوئے ، متعدد مفاہمتی یادداشتیں تیار کی گئیں۔ جلد ان پر دستخط ہوں گے۔ مشترکہ منصوبوں کی تفصیلات طے کی گئیں۔ سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری مشترکہ تعاون کیلئے مناسب مواقع مہیا کرنے کے سلسلے میں سنجیدہ نظر آئی۔ الحربی نے کہا کہ پاکستان میں متعین سعودی سفیر دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کے درمیان ملاقاتیں کرانے اور مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کے سلسلے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ نواف المالکی نے کہا کہ ہمارا سفارتخانہ برادرانہ تعلقات کو غیر معمولی اقتصادی تعاو ن کے رشتوں میں تبدیل کرانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد پاکستان نئے مرحلے میں قدم رکھ رہا ہے اور سعودی عرب خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی ہدایت پر پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً اقتصادی تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ سعودی ویژن سے سب کیلئے اہم مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ فریقین اپنی قیادت کی خواہش کی تکمیل اور امت مسلمہ کے وسیع تر مفاد کے حصول کیلئے باہمی تعلقات کو مضبوط اور بہتر سے بہترتر بنانے کے خواہاں ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - - -بچوں کے اقاموں کی تجدید کے لئے فنگر پرنٹ لازمی

شیئر: