75فیصدنوجوان بچت کے خوگر ہوتے ہیں، سروے
لندن .... نوجوانوں میں بچت اور شاہ خرچی کے شوق او ر رویئے کے بارے میں کئے جانے والے حالیہ سروے سے پتہ چلا ہے کہ تقریباً 75فیصد نوجوان فطری طور پر بچت کو پسند کرتے ہیں او رہر صورت میں اپنے پاس موجود رقم کا کچھ حصہ ضرور بچاتے ہیں۔ یہ سروے رپورٹ 2تحقیقی اداروں ایکسپلین دی مارکیٹ اور اسٹینڈرڈ لائف نے مل جل کرمرتب کی ہے۔ تحقیقی اداروں کے ذمہ داروںکا کہناہے کہ 35سال سے کم عمر جوان اور افراد اپنے بزرگوں اور دوسرے سن رسیدہ لوگوں کے مقابلے میں زیادہ سوچ سمجھ کر خرچ کرتے ہیں اور ان میں سے 75فیصد تعداد یقینی طور پر ایسے لوگوں کی ہوتی ہے جو کچھ نہ کچھ بچاتے رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔ تحقیقی ادارے ایکسپلین دی مارکیٹ کے سربراہ کا کہناہے کہ نئی تحقیق نے اس مفروضے کو بالکل رد کردیا ہے کہ آج کل کے نوجوانوں کو پیسوں کی کوئی پروا نہیں ہوتی اور وہ بغیر سوچے سمجھے غیر ضروری قسم کی خریداری کرلیتے ہیں اور بیکار قسم کی تفریحات پر پیسہ گنوا دیتے ہیں۔ نئی نسل زیادہ باشعور ہے ۔ اس نسل کے لوگ جن معاشی حالات سے گزرے یا گزر رہے ہیں انہوں نے ان کو پیسوں کی اہمیت اچھی طرح سے سمجھا دی ہے۔