نواز، مریم اور صفدر لاہور پہنچ گئے‘ حسن اور حسین کی آمد غیر یقینی
لاہور: سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے گزشتہ روز انتقال کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پے رول پر جیل سے رہا کردیا گیا۔ اس حوالے سے شریف خاندان کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو 5 دن کے لیے پیرول پر رہائی کی درخواست کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے تینوں اہم شخصیات کو 12گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کردیا ہے تاہم صوبائی کابینہ کی اجازت سے مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے جب کہ سفر کا دورانیہ اس مدت میں شامل نہیں ہوگا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرکو سخت حفاظتی انتظامات میں اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب نوازشریف کے دونوں صاحبزادے حسن اورحسین نواز بھی نیب ریفرنس میں مطلوب ہیں اس لیے اگر وہ والدہ کی میت کے ساتھ وطن واپس آتے ہیں تو اس حوالے سے بھی مختلف قانونی آپشنز پرغور کیا جارہا ہے ۔ نیب مقدمے میں اشتہاری ہونے کی وجہ سے نواز شریف کے دونوں بیٹوں کو پاکستان واپسی پر گرفتار کرلیا جائے گا۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان واپسی کے لیے حسن اور حسین نواز کو حفاظتی ضمانت لینا ضروری ہوگی۔