سعودی عرب سے شائع ہونےوالے اخبار ” البلاد“ کا اداریہ
سعودی عرب متعدد متاثرہ ممالک کے ترقیاتی منصوبوں اور درپیش مسائل کے حل کیلئے انسانی بنیادوں پر امداد پیش کرتا رہا ہے۔مجبور ممالک اور اقوام کی مدد سعودی عرب کا نصب العین اوراسکا پاکیزہ پیغام ہے۔ اسی پہلو نے مملکت کو اس شعبے کا قافلہ سالار بنا رکھا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پروقار زندگی کو یقینی بنانے ، مصیبت زدگان کے مصائب کا بار ہلکا کرنے ، ناداروں اور مظلوموں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات قائم کئے ہوئے ہیں۔ یہ مرکز 40ممالک میں 367امدادی پروگرام نافذ کرچکا ہے۔
سعودی عرب32ممالک میں 5ارب ڈالر سے زیادہ لاگت کے 132تعلیمی پروگرام نافذ کئے ہوئے ہے۔ یونیسیف، انسانیت نواز مساعی پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کرچکی ہے۔ یمنی بھائیوں کے مسائل کے حل کیلئے فیاضانہ امداد پر یونیسیف سعودی عرب کی تعریف و توصیف کئے ہوئے ہے۔
سعودی عرب کی امدادی مساعی کا دائرہ مخصوص ممالک تک محدود نہیں۔ سعودی عرب بین الاقوامی تنظیموں، اداروں، علاقائی ترقیاتی فنڈز،فلاحی اور انسانیت نواز اسکیمیں نافذ کرنے والے اداروں کو بھی نوازتا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کسی تفریق و امتیاز سے کام نہیں لیتا۔ سعودی عرب سرکاری اور عالمی اداروں کی سطح پر عالمی تعاون کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ دہشتگردی ، انتہا پسندی و شدت پسندی کی عملی مخالفت کی جائے، حسن ہمسائیگی کا دھیان رکھا جائے۔ تنازعات پرامن طور پر حل کئے جائیں۔ اقوام عالم ایک دوسرے سے تعاون اور پرامن بقائے باہم کی راہ پر چلتی رہیں۔ اس حوالے سے جو کچھ بھی کیا جاسکتا ہے اس میں ادنیٰ فروگزاشت سے بھی کام نہ لیا جائے۔