جازان کی گایوں میں انجانا مرض
ریاض۔۔۔۔یہاں گایوں میں عجیب و غریب بیماری نے گائے پالنے والے سعودیوں کو خدشات میں مبتلا کردیا۔وزارت زراعت نے احتیاطی تدبیر کے طور پر گایوں کے کاروبار پر پابندی عائد کردی۔ وزارت زراعت جازان شاخ کے ذمہ داران نے تسلیم کیا ہے کہ بعض گایوں میں جلد کی سوزش کا ایسا مرض سامنے آیا ہے جس کی گتھی ابھی تک سلجھ نہیں سکی ۔ العارضہ اور احد المسارحہ کمشنریوں میں اس قسم کے واقعات ریکارڈ کئے گئے۔ جانوروں کے ڈاکٹر صالح الاحوال نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ جلدی بیماری ہے اس کا وائرس ایک گائے سے دوسرے میں منتقل ہوتا رہتا ہے۔ گائے کے جسم پر جگہ جگہ دانے ابھر آتے ہیں۔ اینٹی بایوٹک ، وٹامنز کے ذریعے اسے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ متاثرہ گایوں کو الگ تھلگ کردیا جاتا ہے۔ بیماری کے علاج میں کم از کم 2ماہ لگتے ہیں۔ علاج نہ کرانے کی صورت میں بسااوقات گائے مرجاتی ہے۔