جنگ کیلئے تیار ہیں، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی ...پاک فوج نے ہندوستانی آرمی چیف کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اورجنگ کے لئے تیار ہے لیکن امن کے راستے پر چلیں گے ۔ ہم نے دنیا کو امن کی طرف لے جانا ہے۔ کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لینا چاہا تو مایوس نہیں کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ہندوستانی آرمی چیف کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ ہمیں معلوم ہے کہ امن کی قیمت کیا ہے۔پاکستان نے گزشتہ 2 دہائیوں میں امن قائم کیا۔ترجمان نے ہند کی جانب سے ان کی فوجی کی لاش کی بے حرمتی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فوجی کی بے حرمتی نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج اپنی ملک کی سیاست میں گھری ہوئی ہے ۔ہندوستانی آرمی چیف کا بیان نامناسب ہے۔ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نے ہندوستانی آرمی چیف کو ماضی کی نشاندہی کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ ہند ہمیشہ مذاکرات سے بھاگا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہند نے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈھونگ رچایا تھا، اس کا ثبوت اپنی پارلیمنٹ میں نہیں دے سکا۔ نئی دہلی جتنی بھی کوشش کرلے، جھوٹ ہمیشہ جھوٹ ہی رہے گا۔واضح رہے کہ ہندوستانی آرمی چیف نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان کو اس کی زبان میں جواب دینے کا وقت آگیا۔