Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے مدینہ کے منصوبوں کا افتتاح کردیا

مدینہ منورہ ... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کو مدینہ منورہ میں کنگ سلمان انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر اور کنگ عبدالعزیز لائبریری کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔انہوں نے مدینہ منورہ کے باشندوں کی جانب سے دئیے گئے شاندار استقبالیہ میں شرکت کی ۔شاہ سلمان نے اس موقع پر مختصر اور موثر خطاب میں کہا کہ اللہ ان لوگوں کا بھلا کرے جو میری خامیوں کی نشاندہی کریں ۔انہوں نے کہا کہ  حرمین شریفین کی خدمت فخر وناز کے ساتھ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ میرے لئے خادم حرمین شریفین کا لقب باعث افتخار ہے ۔ شاہ سلمان نے یہ بھی کہا کہ ہم سب بھائی ہیں اور حق کے معاملے میں ایک دوسرے کے مدد گار ہیں ۔استقبالیہ میں شرکت کیلئے مدینہ منورہ گورنر ہائوس پہنچنے پر گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے انہیں خوش آمدید کہا ۔ ا س موقع پر وزیرداخلہ شہزاد عبدالعزیز بن سعود ، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔ شاہ سلمان کو انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کا ماڈل دکھا یا گیا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ کانفرنس سینٹر 91ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے ۔ یہ کثیر المقاصد 3ہالز پر مشتمل ہے ۔ ہر ایک میں 500کی گنجائش ہے ۔اجلاسوں کیلئے متعدد کمرے تعمیر کئے گئے ہیں ۔ میڈیا سینٹر اوردفاتر بھی ہیں۔ کانفرنس سینٹر میں 1200 گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے ۔ یہ مسجد نبوی شریف سے 6کلو میٹر اور ائیرپورٹ سے 12کلومیٹر دور ہے ۔ موقوفہ لائبریریوں کے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کی بابت شاہ سلمان کو قائم مقام سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حسن السریحی نے بتایا کہ یہاں نایاب قلمی نسخے ہیں ۔ ان میں سے بعض ایک ہزار برس سے زیادہ پرانے ہیں ۔ قرآن پاک کے بعض نسخے 940برس قدیمی ہیں ۔ یہ 9435مربع میٹر کے پلاٹس پر بنایا گیا ہے ۔ دریں اثناء خادم حرمین شریفین نے مدینہ منورہ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ان میں اسپیشلسٹ اسپتال ، المیقات اسپتال اور التحلیہ اسٹیشن شامل  ہیں ۔ 
 

شیئر: