Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا دورہ کویت ، شہر کو خوبصورتی سے سجادیا گیا

ریا ض..... ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کویت کے موقع پر شہر کو سجادیا گیا ۔ شاہراہوں پر سعودی عرب اور کویت کے پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ اہم عمارتوں کو بھی سبز رنگ کی لائٹوں سے سجایا گیا ہے ۔ اس حوالے سے کویتی کابینہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد مملکت کے دورہ کویت دوطرفہ تاریخی روابط کا تسلسل ہے ۔ ولی عہد کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہو نگے ۔ دورے میں دوطرفہ دلچسپی اور مشترکہ تعاون کے موضوع پر تبادلہ خیال ہو گا ۔ کویتی نائب وزیر خارجہ خالد جاراللہ کا کہنا ہے کہ کویت اور سعودی عرب کے مابین مثالی تعلقات قائم ہیں ۔ ہمیں ان تعلقات پر فخر ہے ۔ سعودی عرب نے انتہائی مختصر وقت میں جو مثالی ترقی کی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ حال ہی میں بلٹ ٹرین کا افتتاح جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین چلائی جائے گی جس سے کافی سہولت ہو گی ترقی کی عظیم مثال ہے ۔ جاراللہ نے بلٹ ٹرین کے منصوبے پر سعودی اعلی قیادت اور حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسے سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین سروس سے ضیوف الرحمان کو کافی فائدہ ہو گا اور انہیں دونوں مقدس شہروں تک آنے جانے کی سہولت ہو گی ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ سعودی عرب کی قیادت جس طرح مسلمانوں کی خدمت کرتی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ کویتی پارلیمنٹ کے صدر مرزوق الغانم کا کہنا ہے کہ کویت اور سعودی عرب کے تعلقات بہت گہرے اور اٹوٹ ہیں ۔ دوسری جانب کویتی عوام نے بھی ولی عہد کے دورے کو انتہائی اہم قراردیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم سعودی ولی عہد کو انکے دوسرے وطن میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ ایک کویتی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ سعودی ولی عہد ہم سب کےلئے محترم و مکرم ہیں ۔ ایک اور کویتی کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں ملت اسلامہ کا افتخار ہیں ۔ کویتی اخباروں کا کہنا ہے کہ ولی عہد مملکت کی آمد پر عوام بے حد خوشی کا اظہار کررہے ہیں ۔ انکے استقبال کےلئے شاہراہوں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ جگہ جگہ سعودی عرب کے پرچم لہرا رہے ہیں ۔ 
 

شیئر: