”فارمولا ای“:شائقین کیلئے ویزہ پالیسی جاری
ریاض.... سعودی عرب کے تاریخی مقام الدرعیہ میں 15دسمبر کو "فارمولا ای"مقابلہ منعقد ہو گا۔ 3روز تک جاری رہے گا۔ مملکت کے تمام علاقوں میں مقیم سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے شانہ بشانہ دنیا بھر کے شائقین کو مقابلہ دیکھنے کا موقع دیا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقابلہ مانا جا رہا ہے۔ مملکت نے اپنی نوعیت کے اس پہلے مقابلے سے لطف اٹھانے کیلئے مختلف ممالک کے شائقین کی خاطر ویزہ پالیسی جاری کر دی ہے۔ "شارک" (شرکت کیجئے) نیٹ www.sharek.sa/formulae پر جا کر مقابلہ دیکھنے کیلئے ٹکٹ اور ویزے کی سہولت حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسپورٹس جنرل اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے صحافیوں کو بتایا کہ میں چاہتا ہوں کہ فارمولا ای کے شائقین سعودی عرب آئیں ، اپنے پسندیدہ مقابلے کو قریب سے دیکھیں۔ ہمارے وطن عزیز سعودی عرب کاقریب سے مشاہدہ کریں۔ مملکت کو دیکھ کر اس کی بابت ازخود رائے قائم کریں۔ سب کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ آئندہ اس سے بڑے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ فارمولا ای کے پہلو بہ پہلو الدرعیہ تاریخی شہر کے نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوں۔ بیرون مملکت سے آنے والے شائقین کو مملکت کا 14روز کا ویزہ 640سعودی ریال میں جاری کیا جائے گا۔ اس ویزے پر آنے والے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سوا مملکت کے کسی بھی شہر آزادانہ طریقہ سے آجا سکیں گے۔ انہیں نجی کوائف فارم میں بھرنا ہوں گے۔ اپنی تصویر اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگی۔ وزارت خارجہ امیدوار کی درخواست کا جواب دے گی۔ فیس ادا کرنے پر آن لائن ویزہ جاری کر دیا جائے گا۔ دریں اثناءفارمولا ای کے ایگزیکٹو چیئرمین نے کہا کہ مملکت میں ہمارا پہلا پروگرام ہے۔ اس کے توسط سے کاروں کی ریس کے مقابلے میں شرکت کے خواہش مندوں کو ویزہ نہیں ملے گا۔ اس سے یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ سعودی عرب دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے کھل گیا ہے۔ فارمولا ای کی استقبالیہ کمیٹی کی سیکریٹری جنرل شہزادی ھیفاءبنت محمد نے کہا کہ دنیا بھر کے سیاح ہمارے یہاں آ کر سعودی لڑکوں اور لڑکیو ںکی صلاحیتوں سے مطلع ہوں گے۔ انہیں ہماری ثقافت اور روایات دیکھنے کا موقع ملے گا۔ ٹکٹ 395ریال سے شروع ہو گا۔ دیگر سرگرمیوں کا پاس الگ سے جاری ہوگا۔ بیرون مملکت سے کوئی بھی شخص آن لائن www.sharek.sa/formulaeسے ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔ ا س موقع پر تفریحی ، ثقافتی اور غنائی پروگرام بھی ہوں گے۔