Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اب بھی کوالیفائی کر سکتا ہے مگر کیسے؟

ویراٹ کوہلی کی سینچری نے انڈیا کی پاکستان کے خلاف جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں اتوار کو ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو شکست دے دی ہے۔
پاکستان کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے جس کے بعد گرین شرٹس کی سیمی فائنلز تک رسائی تقریباً ناممکن ہو چکی ہے۔ 
ٹائمز ناؤ کے مطابق پاکستان کے پاس سیمی فائنل میں رسائی کا واحد راستہ یہ ہے کہ انہیں اپنے گروپ کی دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔ 
پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے انڈیا اور بنگلہ دیش کو اپنے میچز میں نیوزی لینڈ کو ہرانا ہوگا اور پاکستان کو اپنے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش کو ہرانا ہوگا۔ 
انڈیا کی پاکستان کے خلاف جیت سے ان کی سیمی فائنل میں رسائی تقریبا پکی ہو چکی ہے۔ لیکن یہ صورتحال بھی بدل سکتی ہے اگر انڈیا نیوزی لینڈ سے ہار جائے۔
اگر بنگلہ دیش نیوزی لینڈ اور پاکستان کو ہراتا ہے اور نیوزی لینڈ انڈیا کو ہراتا ہے تو بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انڈیا کے پوائنٹس برابر ہو جائیں گے اور سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا اور انڈیا کا رن ریٹ اگر کم ہوتا ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔ 
دوسری جانب سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ شائقین اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
’جسٹ پاکستان تھنگز‘ نے اپنے پیج پر میم شیئر کرتے ہوئے لکھا ’کوہلی آؤٹ آف فارم ہے؟ پاکستان ٹیم ابھی ٹھیک کر دے گی۔‘

ایک اور پوسٹ میں پیج پر لکھا گیا ’سٹیڈیم بنانے کا اتنا پریشر تھا کہ ٹیم بنانا بھول گئے۔‘

بنٹی نے لکھا ’چار دن میں ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر۔‘

فرحانز کری ایشن نے لکھا ’پاکستان اور بنگلہ دیش میچ کی ٹکٹ برائے فروخت۔‘

زعیم احمد نے کہا ’انڈین کرکٹ ٹیم کو بھی غصہ آ رہا ہوگا کہ کھیلنا نہیں تھا تو پھر بلایا کیوں؟‘

حارون نے لکھا ’سوچیں آپ 30 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ ہوسٹ کریں اور سب سے پہلے باہر ہوجائیں۔‘

ایک صارف نے لکھا ’نیوزی لینڈ بنگلہ دیش اور انڈیا سے ہارے گا پھر بنگلہ دیش پاکستان سے ہارے گا اور ہم سیمی فائنل جیتیں گے اور فائنل میں انڈیا کو شکست دیں گے۔ 

ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں مزاحیہ میم شیئر کی گئی جس میں لکھا گیا ’دوست نے پاکستانی کی جرسی آرڈر کی تھی، جرسی آنے سے پہلے ٹیم واپس آ گئی۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’پڑوسیو (انڈیا والو) آپ ٹوئٹر پر ہمارا مذاق نہیں بنا سکتے، اس سے پہلے ہی اپنے وی پی اینز بند کردیں گے۔‘ 

 

شیئر: