اردن کیلئے سعود ی ، اماراتی، کویتی معاہدے
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
عمان ...سعودی عرب ، کویت اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خزانہ آج اردن کے دارالحکومت عمان میں اردن کے سینٹرل بینک میں پونجی جمع کرانے اور عطیات نیز قرضہ جات کی ضمانتوں سے متعلق معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اردنی وزیر خزانہ ڈاکٹر عز الدین کناکریہ نے اعلان کیا ہے کہ تینوں ملکوں کے وزارئے خزانہ مکہ سربراہ کانفرنس کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے معاہدوں پر آج جمعرات کو دستخط کرینگے۔ مکہ سربراہ کانفرنس کے موقع پر طے کیا گیا تھا کہ تینوں ممالک اردن کو 5برس تک 2.5ارب ڈالر کی اقتصادی امداد دینگے۔ اسکے تحت اردن کے سینٹرل بینک میں ایک رقم محفوظ کی جائیگی۔ اردن کو عالمی بینک کے یہاں مالی ضمانتیں مہیا کی جائیں گی۔ آئندہ 5 برس تک اردن کے قومی بجٹ کی سالانہ مدد ہوگی۔ اردن کے ترقیاتی منصوبوں کو ترقیاتی فنڈ سے رقم فراہم کی جائیگی۔