شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ریاض میں کابینہ کا اجلاس
ریاض.... سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدارت کی۔ کابینہ نے امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو کے دوران سعودی عرب کے سیاسی، اقتصادی، عسکری ، سماجی ، امن و سلامتی اور مشرق وسطیٰ میں حکمت عملی جیسے موضوعات پر دو ٹوک جواب دینے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے قدرو منزلت کا اظہار کیا۔ اس بات پر بھی پسندیدگی کا اظہار کیا گیا کہ ولی عہد نے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر مملکت کا موقف شاندار انداز میں پیش کیا۔ اندرونی اور ریاستی امور میں مداخلت کو مسترد اور اپنے مفادات و امن کے تحفظ پر قادر ہونے کے پہلو کو اجاگر کیا۔ وزیراطلاعات ڈاکٹر عواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے شہری خدمات کے نظام کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ کابینہ نے 9عہدیداروں کی ترقی کے احکام بھی جاری کئے۔